اخبار:
ٹوکیو (کیودو): جاپان ایٹمی حفاظتی تربیت گاہ قائم کرنے کے بارے میں غور کرے گا تاکہ ایٹمی حفاظت پر معمور کارکنوں کا کا معیار بہتر کیا جا سکے، یہ بات حکومت کی طرف سے فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کے ایٹمی بحران پر جاری ہونے والی ایک نظر ثانی شدہ رپورٹ میں کہی گئی ہے۔
رپورٹ، جو عالمی ایٹمی توانائی کی ایجنسی میں اس کے رواں ماہ ہونے والے عام اجلاس سے پہلے پیش کی جائے گی، نے یہ بھی کہا کہ فوکوشیما ڈائچی پلانٹ پر بحران کو کنٹرول کرنے کا عمل سست روی سے آگے بڑھ رہا ہے، لیکن متاثرہ ری ایکٹروں کو “کولڈ شٹ ڈاؤن” نامی حالت تک لانے کے لیے “مزید کئی ماہ” درکار ہیں۔
اتوار کو اس رپورٹ کی تقریب رونمائی کے موقع پر وزیر اعظم یوشیکو نودا نے کہا کہ ایٹمی بحران کو قابو کرنے کی لڑائی “ابھی آدھے راستے” میں ہے۔
رپورٹ کے خاکے میں، جسے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے 19 ستمبر کے عمومی اجلاس کی ایک ضمنی میٹنگ میں پیش کیا جائے گا، حکومت نے کسی دوسرے ایٹمی بحران نے نمٹنے کے لیے مزید ایٹمی کارکنوں کی “انتہائی اہم” تربیت پر زور دیا ہے، جبکہ اس نے ایک اور تجویز پر بھی روشنی ڈالی ہے جسے عالمی ایٹمی حفاظتی تربیت گاہ کا نام دیا گیا ہے۔
رپورٹ اور حکومتی اہلکار کے مطابق یہ ادارہ، جس کا قیام اگلے اپریل میں قائم کیے جانے والے نئے حکومتی ایٹمی حفاظتی نگران کے ادارے کے تحت کیا جائے گا، جاپان میں ایٹمی نگرانوں کا معیار بہتر کرنے کی سعی کرے گا، اور ممکنہ طور پر بیرون ملک سے بھی لوگوں کو دعوت دے گا۔
رپورٹ نے حکومت کے اندر بھی ایٹمی نگرانی کے نظام میں تبدیلیوں کا ذکر کیا، جن کی وجہ سے فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کا بحران کھڑا ہونے کے بعد عوامی اعتماد ہل گیا تھا۔
زیادہ تر تنقید ایٹمی نگران ادارے کے وزارت صنعت کے ماتحت ہونے کی وجہ سے بننے والے مسائل پر ہوئی ہے، چونکہ یہی وزارت ایٹمی توانائی کو فروغ دینے کی بھی ذمہ دار ہے۔ اس کے جواب میں حکومت نے پچھلے ماہ فیصلہ کیا ہے کہ ایٹمی اور صنعتی حفاظتی ایجنسی کی جگہ اگلے سال اپریل میں وزارت ماحولیات کے تحت ایک نیا ایٹمی نگران ادارہ قائم کیا جائے گا۔
11 مارچ کو 9.0 درجے کے زلزلے اور نتیجتاً اٹھنے والے سونامی کے ٹکرانے کے بعد فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر نے بجلی کے تمام ذرائع کھو دئیے تھے، اور اس کے نتیجے میں ری ایکٹروں اور ری ایکٹر نمبر 1 اور 4 میں موجود استعمال شدہ ایندھن کو ٹھنڈا کرنے کی صلاحیت ختم ہو گئی تھی۔ نتیجے کے طور پر ہائیڈروجن گیس بننے کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت بھی بڑھتا گیا جو تباہ کن دھماکوں پر منتج ہوا جنہوں نے چار میں سے تین ری ایکٹروں کی عمارتوں کو نقصان پہنچایا اور چرنوبل کے بعد اس بدترین حادثے میں تابکار مواد کی بڑی مقدار خارج کی۔
کارکنوں نے تباہ شدہ ری ایکٹروں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ایک نیا پانی گھماؤ نظام نصب کیا ہے، جو پلانٹ کو مستحکم حالت پر لانے کی کوششوں میں کچھ بہتری کا اشارہ ہے۔
حکومت اور پلانٹ آپریٹر ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی جنوری تک پلانٹ کو کولڈ شٹ ڈاؤن تک لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔