اخبار:
ٹوکیو: جمعرات کو جاپان کے تباہ شدہ شمال مشرقی ساحل سے 6.2 شدت کا ایک زلزلہ ٹکرایا، لیکن سونامی کا کوئی خطرہ نہیں تھا اور زخمی یا نقصان کی بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے کہا کہ زلزلے کا مرکز ایباراکی کی بندرگاہ سے پرے، ٹوکیو سے 220 کلومیٹر دور مشرق میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔ ایجنسی نے کہا کہ زلزلے کی وجہ سے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں تھا۔
11 مارچ کو آنے والے طاقتور زلزلے اور سونامی کی وجہ سے شمال مشرقی جاپان میں 20,000 سے زیادہ لوگ لاپتہ یا ہلاک ہو گئے تھے۔ اس آفت نے ایک ایٹمی بجلی گھر کو نقصان پہنچایا جس کی وجہ سے ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کو تابکاری کے خدشے کی وجہ سے گھر بار چھوڑنا پڑے۔
سونامی زدہ فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کے آپریٹر، ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی نے کہا کہ جمعرات کے زلزلے کے بعد پلانٹ کے ٹھنڈا کرنے کے افعال بالکل ٹھیک تھے، اور پلانٹ کے گرد تابکاری کی مقدار پر کوئی فرق نہیں پڑا تھا۔ پلانٹ زلزلے کے مرکز سے 130 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔