اخبار: ٹوکیو: ایک رپورٹ کے مطابق جاپانی حکومت نے جمعرات کو کہا کہ اس نے ملک میں موجود لیبیا کے 4.4 بلین ڈالر کے اثاثے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پیسے انسانی بنیادوں پر دستیاب ہو سکیں۔ کیودو نیوز ایجنسی کے مطابق سینئیر نائب وزیر خارجہ تسوشی یاماگوچی نے کہا کہ یہ فیصلہ دوسرے ممالک جیسے برطانیہ، فرانس اور امریکہ کے ساتھ مطابقت میں ہے۔ ٹوکیو نے کہا کہ وہ لیبیا کے لیے درکار انسانی امداد ہنگامی بنیادوں پر مہیا کرے گا، جہاں کی قومی انقلابی کونسل کو جاپان نے باضابطہ حکومت کے طور پر تسلیم کرلیا ہے۔ جون میں جاپان نے کہا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی قرارداد کی تعمیل میں لیبیائی رہنما معمر قذافی اور اس کے حاشیہ نشینوں کے جاپان میں رکھے گئے اثاثے منجمد کر رہا ہے۔