اخبار:ٹوکیو: نومبر کے آغاز سے سنتوری شمالی امریکہ میں پہلی بار اپنے نیلے گلاب اپلاز متعارف کروائے گا۔ 100 فیصد نیلی پتیوں والا دنیا کا یہ پہلا نیلا گلاب تکنیکی طور پر نیلے رنگ کا ایک نازک سا پھول ہے۔ اپلاز نے بین الاقوامی شائقین کی توجہ اس وقت حاصل کی تھی جب وہ 2009 میں پہلی بار ٹوکیو میں فروخت کے لیے پیش ہوا۔ سنتوری نے کہا کہ یہ پھول خاص مواقع جیسے پروپوزل، تقریبات اور سالگرہ کے لیے نہایت عمدہ تحفہ ثابت ہو گا۔ یہ شمالی امریکہ میں منتخب پھول والوں کے پاس فروخت ہو گا۔ گلاب کم از کم 5000 سالوں سے اگائے جا رہے ہیں اور ہمیشہ سے خواہشات اور محبت کا نشان رہے ہیں۔ لیکن چونکہ گلابوں میں پودوں کا ڈیلفن ڈین نامی پگمنٹ نہیں ہوتا، جو پودوں کو نیلا رنگ عطا کرتا ہے، اس لیے قدرتی طور پر نیلا گلاب پایا جانا ناممکن ہے۔ گلاب اگانے کے روایتی طریقوں سے ہزاروں اقسام کے گلاب تخلیق کیے جانے کے باوجود نیلے رنگ کے گلاب کا حصول اب بھی ناقابل حصول رہا ہے۔ ناممکن کو ممکن بنانے کے لیے سنتوری نے 1990 میں اپنی آسٹریلوی ذیلی کمپنی فلوری جن (اب سنتوری فلاورز) کے ساتھ مل کر نیلا گلاب تیار کرنے کے لیے تحقیق کا آغاز کیا۔ 2004 میں اس وقت کامیابی نصیب ہوئی جب بنفشے کے پھول سے نیلے پگمنٹ کی جین گلاب کے پودے میں متعارف کروائی گئی۔ قریباً دو عشروں کی تحقیق و تیاری کے کام کے بعد 2009 میں پہلی بار نیلے گلاب کی فروخت شروع ہوئی۔ سنتوری نے کہا کہ اس نے اپنے نیلے گلاب کا نام اپلاز (ستائش، توصیف) اس لیے چنا کہ یہ ان کے لیے ایک مبارکباد ہے جن کا خواب پورا ہوا ہے، اور ان کے لیے حوصلے کا نشان ہے جو اپنے خواب کی تعبیر کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، خواہ وہ کوئی سا بھی خواب کیوں نہ ہو۔