اخبار:
ٹوکیو: حکومت کی طرف سے قائم کردہ ایک خصوصی ٹیکس کمیشن نے جمعے کو ٹیکس بڑھانے کے دو طریقوں کا خاکہ پیش کیا ہے تاکہ 11 مارچ کے بحران سے تباہ شدہ علاقوں سے بحالی کی کوششوں کے لیے پیسے اکٹھے ہو سکیں۔ ٹیکس بڑھانے سے اکٹھی ہونی والی کل رقم 11 ٹریلین ین ہو گی۔
این ایچ کے کی رپورٹ کے مطابق، ابتدائی طور پر کمیشن کے زیر غور اشیائے صرف پر ٹیکس میں اضافہ تھا، لیکن وزیر اعظم یوشیکو نودا نے فی الوقت اسے زیر غور نہ لانے کی ہدایت کی۔
پہلے طریقے کے مطابق پہلے سے تجویز شدہ کارپوریٹ ٹیکس میں 5 فیصد کمی کو تین سالوں کے لیے ملتوی کر دیا جائے گا، اور انکم ٹیکس کو 10 سالوں کے لیے 5.5 فیصد یا پانچ سالوں کے لیے 11 فیصد بڑھا دیا جائے گا۔ دوسرے طریقے میں بھی کارپوریٹ ٹیکس میں 5 فیصد کمی کو تین سالوں کے لیے ملتوی کرنے کی تجویز ہے، لیکن انکم ٹیکس میں 4 فیصد اضافے کے ساتھ تمباکو ٹیکس کو فی سگریٹ 2 ین کر دیا جائے گا۔
این ایچ کے نے رپورٹ دی ہے کہ رہائشی ٹیکس بھی 10,000 ین تک بڑھائے جانے کا امکان ہے۔