اخبار:
ٹوکیو: جمعے سے فوکوشیما صوبے سے گوشت کی فراہمی دو ماہ کے بعد بحال ہو گئی ہے جس پر ایٹمی حادثے کی وجہ سے متاثرہ مویشیوں کے خدشے کے پیش نظر پابندی لگا دی گئی تھی۔ وزارت زراعت نے کہا کہ صوبے سے فراہم کیے جانے والے تمام مویشی پہلے تابکاری کی جانچ کے مراحل سے گزریں گے۔
فوکوشیما آخری صوبہ ہے جہاں سے گائے کے گوشت پر پابندی تھی–جو کہ چار صوبوں ایواتی، فوکوشیما، توچیگی اور میاگی صوبوں پر جولائی کے وسط میں لگائی گئی تھی–اور اسے لائیو اسٹاک کو تابکاری سے آلودہ ہونے سے بچانے کے لیے اقدامات کرنے کے بعد اٹھا لیا گیا ہے۔
وزارت زراعت کے ایک اہلکار نے کہا کہ اب گوشت کھانے کی مارکیٹوں میں بھیجے جانے سے قبل مقامی حکومتوں کو گوشت کا معائنہ کرنا ہو گا۔ صرف وہ کسان جن کے مویشیوں کے محفوظ ہونے کی تصدیق ہوئی، فراہمی جاری رکھ سکیں گے۔
پابندی سے پہلے خدشات تھے کہ تابکار سیزیم سے متاثرہ 3000 مویشیوں کو سونامی سے متاثرہ ایٹمی بحران کی تابکاری والا چاول کا بھوسا کھلانے کے بعد پورے ملک میں بھجوا دیا گیا ہے، جنہیں وہاں ذبح کرکے بیچا گیا۔
باہر ذخیرہ کی گئی پرالی کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کے تابکار مادوں سے آلودہ ہو گئی ہے۔
متاثرہ جانوروں کی فروخت پچھلے مارچ سے جاری تھی، جن کا گوشت پورے ملک میں زیادہ تر ریستورانوں، اسکول کی کینٹینوں اور خاندانی ڈنرز پر کھایا گیا ہے۔