اولمپس کی اعلی ترین انتظامیہ “دغاباز” تھی: تھرڈ پارٹی پینل

ٹوکیو: جاپانی کمپنی اولمپس کے بھاری نقصانات چھپانے کے معاملے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے منگل کو کہا کہ کمپنی کے دو سابقہ صدور نے اس طویل مدتی اسکیم کی منظوری دی، اور یہ کہ “اس کی اعلی ترین انتظامیہ متعفن و دغاباز تھی”۔

اولمپس کی طرف سے چنیدہ وکلا اور ایک اکاؤنٹنٹ پر مشتمل اس پینل نے تسویوشی کیکوکاوا اور اس کے پیش رو ماساتوشی کیشیموتو کو سٹے بازانہ سرمایہ کاریوں میں ہونے والے 134.9 بلین ین (1.73 بلین ڈالر) کے نقصانات کو چھپانے کے معاملے کی منظوری دینے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

کیکوکاوا نے پچھلے ماہ کمپنی چھوڑ دی تھی جب اسکینڈل نے کیمرہ و طبی آلات ساز ادارے کو اپنے گھیرے میں لے لیا، اور ایک موقع پر اس کے شئیرز کی قدر 80 فیصد تک کم ہو گئی۔

چھ رکنی پینل نے مزید پتا لگایا کہ سابقہ نائب صدر ہیساشی موری اور سابقہ اندرونی آڈیٹر ہیدیو یامادا بھی اس اِخفا میں کلیدی حیثیت کے حامل تھے۔

“یہ ایک ایسا واقعہ ہے جسے کچھ ایگزیکٹوز نے اعلی ترین انتظامیہ کی زیرقیادت سرانجام دیا،” پینل نے کہا۔

“(اولمپس) انتظامیہ کا مرکز دغاباز اور متعفن ہو چکا تھا اور ان کے اطراف بھی آلودہ ہوچکے تھے۔”

پینل نے اولمپس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز پر بھی الزام دھرا، یہ کہتے ہوئے کہ “اگرچہ انہیں مناسب معلومات نہیں دی گئیں، تاہم بورڈ نے کاپوریٹ گورنس کی مرکزی قوت ہونے کے طور پر اپنی نگرانی کرنے کی ذمہ داری کو پورا نہیں کیا”۔

منگل کو رپورٹ کے اجراء کے بعد جاری کیے گئے ایک اعلامیے میں اولمپس نے کہا کہ وہ نامعلوم تعداد میں پچھلے سالوں کی اپنی آمدن کی رپورٹس درست کر لے گا اور اب بھی 14 دسمبر کی مقررہ تاریخ تک اپنے زائد المعیاد کھاتوں کی تفصیلات جاری کرنے میں پرعزم ہے۔

“ہم شئیر ہولڈرز، سرمایہ کاروں اور گاہکوں کے لیے شدید تکلیف اور پریشانیاں پیدا کرنے پر دل کی گہرائی سے معذرت خواہ ہیں”، اس نے منگل کے اعلامیے میں کہا۔

اولمپس اگر سر پر کھڑی ڈیڈ لائن کو پورا نہ کر سکا تو اسے ٹوکیو اسٹاک ایکسچینج سے ڈی لسٹنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

طیرن پذیر حصص منگل کو 9.07 فیصد کے اضافے سے 1190 ین پر بند ہوئے، جو سابقہ چیف ایگزیکٹو ووڈفورڈ کی طرف سے نقصانات چھپانے کا معاملہ عوام میں لے جانے سے قبل کی قدر کا تقریباً نصف بنتا ہے۔

پینل کی رپورٹ مارکیٹیں بند ہونے کے بعد جاری کی گئی۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.