ٹیپکو کارپوریٹ صارفین کے لیے بجلی کے بل بڑھائے گا

مارچ کے سونامی سے درہم برہم ہونے والے ایٹمی بجلی گھر کو چلانے والی جاپانی کمپنی نے جمعرات کو کہا کہ کارپوریٹ صارفین کے لیے بجلی کے بل بڑھانا ہوں گے تاکہ بجلی بنانے کے دوسرے ذرائع پر منتقلی کے اضافی اخراجات کو پورا کیا جا سکے۔

ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی (ٹیپکو) نے کہا کہ اسے تابکاری کے خدشات سے بےگھر ہونے والوں کو زرتلافی ادا کرنا ہے، اور اس کے ساتھ ساتھ فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کو بند کرنے کے بےپناہ اخراجات کو بھی برداشت کرنا ہے۔

اس نے خدشے کا اظہار کیا کہ اضافی نقدی کے بغیر شاید وہ اپنا آپ قائم نہ رکھ پائے۔ تاہم کمپنی نے کہا کہ ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

“ہم اپنے صارفین سے تہہ دل سے معذرت خواہ ہیں تاہم ہم درخواست گزار ہیں کہ ہماری حالت کو بھی سمجھا جائے،” ٹیپکو کے صدر توشیو نیشی زاوا نے صحافیوں کو بتایا۔

ٹیپکو کا کہنا ہے کہ مالی سال 2011 میں اس کے ایندھن کے اخراجات پچھلے سال کی نسبت 830 بلین ین تک بڑھ جانے کی توقع ہے۔

متاثرین کے لیے زرتلافی، تابکاری سے صفائی کے اخراجات اور پلانٹ کو سبکدوش کرنے کے خرچے ٹریلین ین تک پہنچ جانے کی توقع ہے، اور ٹیکس گزاروں کی کچھ آمدن پہلے ہی ایک بل کے تحت ٹیپکو کو دینے کی منظوری دی جا چکی ہے۔

ٹیپکو کا اسٹاک جو کبھی محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا تھا، مارچ کے بعد سے اپنی 90 فیصد قدر کھو چکا ہے؛ جبکہ جمعرات کو پانچ فیصد اضافے سے 222 ین پر اس کا لین دین ہوا۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.