جمعرات کو ایک ڈیپ پاکٹ ریستوران نے جاپان کی تسوکیجی فش مارکیٹ میں اکیلی ٹیونا مچھلی کے لیے 56.49 ملین ین کی بولی دے کر اس بلیوفن مچھلی کی بولی کا پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
269 کلو گرام مچھلی جاپان کے شمالی صوبے اوموری کے ساحل سے پرے پکڑی گئی تھی اور اسے سال کی پہلی نیلامی میں پیش کیا گیا۔
اس ہندسے نے پچھلی زیادہ سے زیادہ رقم 32.49 ملین ین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جو پچھلے سال تسوکیجی کی افتتاحی نیلامی میں لگی تھی۔ تسوکیجی ایک بڑی مارکیٹ ہے جس کا ذکر ٹوکیو کی تمام سیاحتی گائیڈ بکس میں ہوتا ہے۔
جمعرات کا کامیاب بولی دہندہ کیوشی کیمورا، ایک کمپنی کا صدر ہے جو مقبول عام سوشی-زنمائی نامی فوڈ چین چلاتی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق، قریباً 210,000 ین فی کلوگرام کے حساب سے سوچی کا ایک ٹکڑا قریباً پانچ ہزار ین میں پڑ سکتا ہے، تاہم فرم کا ارادہ ہے کہ اسے مزید باقاعدہ قیمت 418 ین کے حساب سے بیچا جائے۔
“مچھلی کا رنگ شاندار ہے اور اس میں چکنائی کی مقدار بھی بہت اچھی ہے،” کیمورا نے کہا۔
عشروں کی بےدریغ ماہی گیری نے ٹیونا کی عالمی قلت کے خدشات پیدا کیے ہیں، جس کی وجہ سے کچھ مغربی ممالک نے معدومیت کے خدشے سے دوچار بحر اوقیانوس کی بلیوفن ٹیونا مچھلی کے شکار پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔
جاپان پوری دنیا میں پکڑی جانے والی بلیوفن کا دو تہائی حصہ استعمال کرتا ہے، جو سوشی کا انتہائی مہنگا جز ہوتی ہے اور اسے ‘کورو ماگورو’ (بلیک ٹیونا) کہا جاتا ہے، اور سوشی کا ذوق رکھنے والے اس کی نایابی کی وجہ سے اسے ‘بلیک ڈائمنڈ’ کا خطاب دیتے ہیں۔
“آپ جانتے ہیں کہ اچھی چیزیں پوری دنیا میں پسند کی جاتی ہیں،” ایک 22 سالہ مرد گاہک ہیراتوکا ہیگوراشی نے کہا جب ان سے بےدریغ ماہی گیری کے بارے میں سوال کیا گیا۔