منگل کو لاس ویگاس میں شروع ہونے والے میلے کے اہلکار کے مطابق، نئے سافٹویر اور اسمارٹ فونز کے ساتھ ساتھ انتہائی پتلے لیپ ٹاپس سالانہ کنزیومر الیکٹرانکس شو (سی ای ایس) میں توجہ کا مرکز رہیں گے۔
2700 سے زیادہ نمائش کنندگان کے پاس 1.8 ملین مربع فٹ سے زیادہ جگہ ہو گی جس میں کاریں، کمپیوٹر اور چِپ میکر اداروں سے لے کر ٹیکنالوجی اور آئی فون کے لوازمات فروخت کرنے والے ادارے تک شامل ہیں۔
اگرچہ پچھلے سال کے سی ای ایس میں ایپل کے مارکیٹ لیڈر آئی پیڈ کو چیلنج کرنے والے ٹیبلٹ کمپیوٹر مرکز توجہ تھے، تاہم اس سال توقع ہے کہ پتلے لیکن طاقتور “الٹرابک” کمپیوٹر لوگوں کی توجہ کھینچنے کا باعث بنیں گے۔
سی ای ایس کے منتظمین نے پیشن گوئی کی ہے کہ تیس سے چالیس مختلف الٹرابک لیپ ٹاپ اس میلے میں نمائش کے لیے رکھے جائیں گے۔
چین کے کمپیوٹر ساز دیو لینووو نے اعلان کیا ہے کہ ایک تھنک پیڈ ایکس 1 ہائربرڈ لیپ ٹاپ -جس کی بیٹری لائف 10 گھنٹے ہے- کے ساتھ ساتھ کمپنی کی پہلی بزنس الٹرا بک بھی میلے میں پہلی بار پیش کی جائے گی۔
“تھنک پیڈ ایکس 1 ہائبرڈ اور ٹی 430 یو الٹرابک اگلی نسل کے پتلے اور ہلکے کمپیوٹروں کی نمائندگی کرتے ہیں،” لینووو تھنک پیڈ کے دلیپ بھاٹیا نے کہا۔
الیکٹرونکس ساز ادارے سی ایس میں نئے ٹیبلٹ کمپیوٹروں کی نمائش بھی کریں گے، لیکن یہ پچھلے سال کی نسبت بہت کم ہوں گے جب 80 حریف میدان میں تھے۔
ماہرین موٹرولا، توشیبا، ایسر اور دوسری کمپنیوں سے توقع کر رہے ہیں کہ وہ گوگل کے تازہ ترین اینڈرائڈ سافٹویر پر مشتمل ٹیبلٹس متعارف کروائیں گے۔ فوریسٹر کے مطابق اینڈرائڈ سسٹم پر مشتمل ٹیبلٹ پسند کرنے والوں کی تعداد پچھلے سال کے پہلے 10 ماہ میں دوگنی ہو کر 18 فیصد ہو گئی تھی۔
دریں اثنا اسمارٹ فون بھی ٹیبلٹس کے ساتھ ساتھ نمائش کیے جائیں گے جن میں اینڈرائڈ پر مشتمل کئی ایک جدید ترین ہینڈ سیٹس ہوں گے۔