لاس ویگاس: جنوبی کورین الیکٹرونکس دیو سام سنگ نے پیر کو اپنے سپر سائز اسمارٹ فون، گلیکسی نوٹ کے امریکہ میں اجرا کے منصوبوں کا اعلان کیا۔ اس فون میں ایک اسٹائلس بھی شامل ہے۔
5.3 انچ (13.46 سینٹی میٹر) کی ٹچ اسکرین کا حامل گیلکسی نوٹ آج کی مارکیٹ میں دستیاب بیشتر اسمارٹ فونوں سے زیادہ چوڑی اسکرین رکھتا ہے۔
مثال کے طور پر ایپل کا تازہ ترین آئی فون فور ایس، 3.5 انچ (8.85 سینٹری میٹر) چوڑے ڈسپلے کا حامل ہے۔
لاس ویگاس میں ایک بڑے کنزیومر الیکٹرانکس شو (سی ای ایس) کی شام کو سام سنگ نے کہا کہ وہ اے ٹی اینڈ ٹی کے ساتھ شراکت کر کے امریکہ میں گلیکسی نوٹ فروخت کرے گا اور یہ فون ٹیلی کام کیرئیر کے فور جی نیٹ ورک پر چلے گا۔
گلیکسی نوڈ، جسے سام سنگ “اسمارڈ فون کی نئی قسم” قرار دیتا ہے، ایشیا اور یورپ میں اکتوبر میں فروخت کے لیے پیش ہوا تھا۔ امریکی مارکیٹ کے لیے قیمت اور دستیابی کی حتمی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔
گلیکسی نوٹ ایک عدد اسٹائلس کے ساتھ آتا ہے، جسے “ایس پین” کہا جاتا ہے جو آلے کے اندر ہی رکھا جا سکتا ہے اور اسے اسکرین کو کاغذ کی طرح استعمال کر کے نوٹس لینے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ایس پین کے ذریعے ہاتھ سے لکھے گئے نوٹس کو آلہ محفوظ کر کے دوسروں سے شئیر بھی کر سکتا ہے۔
سام سنگ مشہوری کر رہا ہے کہ گلیکسی نوٹ کی ہائی ریزولوشن اسکرین معیاری اسمارٹ فونز کے مقابلے میں ویڈیو دیکھنے، ویب سرفنگ، اطلاقیے چلانے یا برقی کتابیں پڑھنے کے لیے زیادہ بہتر ہے۔
گلیکسی نوڈ، جو گوگل کے اینڈرائڈ سافٹویر پر چلتا ہے، اگلے اور پچھلے کیمروں کے ساتھ بھی آتا ہے۔