پاکستان تحریک انصاف جاپان کا ہنگامی اجلاس!
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف جاپان کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایگزیکٹو باڈی کے تمام ممبران اور مرکزی و صوبائی اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ارکان کی جانب سے پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال کرنے کیلئے تجاویز پیش کی گئیں جنہیں مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف جاپان نے نہ صرف سراہا بلکہ ان تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کا بھی یقین دلایا۔ اجلاس میں مرکزی و صوبائی عہدیداران نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یکجہتی پارٹی کا بنیادی عنصر ہو گا اور کسی بھی صورت میں کسی قسم کی دھڑے بندی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ جاپان میں میڈیا کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کئے جانے والے مراسلات‘ خبریں اور پریس ریلیز وغیرہ پارٹی کے ای میل ایڈریس pti_japan@yahoo.com سے ترسیل کئے جائیں گی۔ کارکنان اور عہدیداران کو اس ای میل ایڈریس کے علاوہ پارٹی کے لئے دیگر کوئی ای میل ایڈریس استعمال کرنے کی سختی سے ممانعت کی گئی اور تاکید کی گئی کہ پارٹی کی آفیشل ڈاک یا خبر کی ترسیل صرف مذکورہ بالا ای میل ایڈریس کے ذریعے سے ہی کی جائے جبکہ دوسرے کسی بھی ایڈریس سے جاری کی جانے والی خبر سے پارٹی کا کوئی تعلق ہو گا‘ نہ ہی یہ خبر درست تصور ہو گئی۔ اگر کوئی ممبر انٹرنیٹ کی سہولت سے استفادہ نہیں کرتا تو وہ اپنی خبر‘ نگارشات اور تجاویز کو اس نمبر 048-797-7823 پر فیکس کر سکتا ہے جسے مرکز کی جانب سے منظوری کے بعد اخبارات کی زینت بنایا جائے گا۔ اجلاس میں تمام اراکین نے اس امید کا اظہار کیا کہ جاپان کا میڈیا پاکستان تحریک انصاف کی خبروں کو اپنے اخبارات کی زینت بنائے گا اور بھرپور کوریج دے گا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کا آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا اور پارٹی کے نظم و ضبط اور قوائد کے علاوہ رکنیت سازی کے معاملات زیر غور آئی۔ اس موقع پر صوبائی صدور کو یہ ذمہ داری سونپی گئی کہ وہ حتی المقدور کوشش کے ذریعے پارٹی کو مزید فعال کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ چھوڑیں گے