ٹوکیو: وسطی جاپان کا ایک علاقائی بینک صارفین کو ان کی ہتھیلیوں کے ذریعے شناخت کرنے والی آٹو میٹڈ ٹیلر مشینیں اپنانے والا ملک کا پہلا مالی ادارہ بن جائے گا۔
صوبہ گیفو کے اوگاکی کیوریتسو بینک نے کہا کہ وہ ستمبر کے اواخر میں کوئی درجن بھر ہتھیلی اسکین کرنے والی اے ٹی ایم مشینیں نصب کرے گا جبکہ مستقبل میں مزید کا منصوبہ بھی ہے۔
فوجستو لمیٹڈ کے تیار کردہ اس نظام کے تحت صارفین بس اپنے ہاتھوں کا اسکین کروا کر، پِن کوڈ اور تاریخ پیدائش داخل کر کے اپنی شناخت ثابت کرنے کے قابل ہوں گے۔
سونامی و زلزلے کی دوہری آفت کے بعد کیش کارڈ یا پاس بک کی شرط سے پاک نظاموں کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ اس آفت نے پچھلے مارچ میں شمال مشرقی جاپان کو تاراج کر ڈالا تھا جس میں بہت سے لوگوں نے اپنی ذاتی اشیاء کھو دیں اور ان کے پاس اپنا روپیہ حاصل کرنے کا کوئی طریقہ نہ رہا۔
بینک نے کہا کہ ترکی کے سب سے بڑے ریاستی بینک زیرات بینک کے بعد بائیو میٹرک نظام پر منحصر اے ٹی ایم متعارف کروانے والا وہ دنیا کو دوسرا بینک ہو گا۔