سیئول: جنوبی کوریا کے ایک کسٹمز اہلکار نے منگل کو کہا کہ ان کے ملک نے چین سے مردہ بچوں کی لاشوں سے حاصل کردہ ماس کے سفوف والے کیپسولوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں شدت پیدا کر دی ہے۔ یہ کیپسول کچھ لوگ بیماری سے علاج یا جنسی طاقت بڑھانے کے لیے کھاتے ہیں۔
یہ مکروہ عمل پیر کو اس وقت روشنی میں آیا جب کوریا کسٹمز نے کہا کہ اس نے پچھلے اگست سے مجموعی طور پر 17,451 ایسے کیپسول اسمگل کرنے کی 35 کوششیں بے نقاب کی ہیں۔
انسانی جنین (قبل از وقت پیدا شدہ مردہ ادھورے بچے) یا مردہ نومولدوں کے خشک اور سفوف بنے ہوئے ماس سے بھری گولیاں ڈاک یا ائیر پورٹس پر کسٹمز کی تلاشیوں کے دوران پکڑی گئیں۔
کسمٹز سروس نے کہا کہ اخلاقی سوالات کے علاوہ یہ کیپسول “سپر بیکٹیریا” اور بیماری پیدا کرنے والے دوسرے مادوں سے آلودہ تھے۔
کِم سو یئیون، جو کوریا کسٹمز کے اہلکار اور کسٹم کلیئرنس کے انچارج ہیں، نے اے ایف پی کو بتایا کہ اہلکار اب “کچھ چینی علاقوں” سے آنے والی پروازوں کی بڑی باریک بینی سے نگرانی کرتے ہیں اور تمام مسافروں کا سامان پہلے سے کہیں زیادہ تعداد میں چیک کرتے ہیں۔ ایک اور شخص نے اس عمل کو “قطعاً مکروہ” قرار دیا۔